(۳۱/اکتوبر،پھلواری شریف)
شمالی بہار کی عظیم شخصیت ، بہار کی معروف دینی درسگاہ مدرسہ اسلامیہ شکرپوربھروارہ دربھنگہ کے صدر المدرسین، سینکڑوں علماءکرام ، حضرات مفتیان اور قضاۃکے استاذگرامی اورسرزمین بہارکےبزرگ عالم دین حضرت مولانا صفی الرحمن قاسمی مدظلہ العالی کی طبیعت ادھرچندمہینوں سے علیل چل رہی ہے ،حضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم کےحسب ہدایت اور جناب مولانا محمدشبلی القاسمی قائم مقام ناظم امارت شرعیہ کی خواہش پر آج امارت شرعیہ کے چند علمائے کرام پرمشتمل ایک وفدنے حضرت کی خدمت میں پہنچ کر ملاقات وعیادت کی_
واضح رہے کہ چند ماہ قبل آپ پیرالائز عارضہ کے شکار ہو گئے تھے؛جس کے سبب ایک مدت تک میداز ہاسپیٹل میں زیر علاج رہے، ابھی حضرت بتدریج روبہ صحت ہو رہے ہیں، پہلے کے مقابلےآپ کی طبیعت اب بہتر ہو رہی ہے،حضرت کی علالت سےایک جانب جہاں مسند تدریس اور مدرسہ اسلامیہ شکرپورجیسی مرکزی دینی تعلیم گاہ کی تعلیمی نظامت اورعلمی فضاسونی پڑی ہے؛ تو وہیں دوسری جانب ملک بھر میں پھیلےہویے آپ کے سینکڑوں فیض یافتہ شاگردوں کی جماعت کےعلاوہ اکابرعلماء میں غم کا اثرہے ، جو رات ودن حضرت کی صحت کے لیے دست بہ دعاءاورفکرمند ہیں، آپ مشفق استاذومربی ہونےکےساتھ وقت کےایک صالح، باعمل عالم دین اور شب زندہ دار ولی بھی ہیں انحطاط کےاس دور میں آپ جیسی شخصیت کی ادارے،علماء اور ملت کو سخت ضرورت ہے_
لہذا امارت شرعیہ کی عوام و خواص سے گزارش ہے کہ حضرت کے لیے صحت و شفا کی دعا کااہتمام کیاجائے۔امارت شرعیہ کے اس وفد میں مرکزی دارالقضاء کےنائب قاضئ شریعت جناب مولانا مفتی مجیب الرحمٰن قاسمی ،معروف صحافی ہفتہ وارجریدۂ نقیب کےنائب مدیر جناب مولانا رضوان احمد ندوی اور امارت شرعیہ کے معاون ناظم اور حضرت مولاناصفی الرحمن قاسمی صاحب مدظلہ کےشاگرد رشیدجناب مولانا احمدحسین قاسمی مدنی کے علاوہ بندہ عبدالقدوس مظاہری شریک رہا۔دعاء ہے کہ رب کریم جلد از جلد حضرت کو شفاءیاب فرمائے۔آمین ۔
راقم الحروف : عبدالقدوس مظاہری خادم امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ