جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی و جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی ایماء پر جمعیۃ علماء بہرائچ کی جانب سے حافظ محمد سعید اختر نوری سکریٹری جمعیۃ علماء اترپردیش کی ہدایت پر آج ۲۷ اکتوبر ۲۰۲۴ کو مہاراج گنج فسادات کے موقع پر جن حضرات کا نقصان ہوا ہے ان کی ریلیف کا کام شروع ہو گیا ہے۔ اس ضمن میں صدر جمعیۃ علماء ضلع بہرائچ مولانا قاری زبیر احمد قاسمی اور جنرل سکریٹری مولانا محمد عنایت اللہ قاسمی نے ریلیف کے لیے بنے کیمپ آفس (جامعہ عربیہ مسعودیہ نورالعلوم بہرائچ) سے گاڑی روانہ کرواتے ہوئے کہا : جمعیۃ علماء اپنے قیام کے روز اول سے ہی مظلومین کی داد رسی کا فریضہ انجام دیتی رہی ہے اور بے سہاروں کا سہارا بنتی رہی ہے۔ مہاراج گنج فسادات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع ہم ضلع انتظامیہ سے پہلے دن سے رابطہ میں تھے، اور مسلسل اس کی کوشش میں لگے تھے کہ ہم لوگوں کو وہاں جانے کی اجازت مل جایے، بہ ہر حال آج پہلی قسط بھیجی گئی ہے، آج ہمارا وفد علاقہ مہاراج گنج، کبریا مہیش پوروہ، شیو بخش پوروہ، کبریا جوت پور میں گیا اور وہاں مظلوموں کی داد رسی، ہم سے جو کچھ بن پڑا وہ سب ان کو دیا گیا اور ان شاءاللہ یہ سلسلہ برابر جاری رہے گا۔ نیز جمعیۃ علماء بہرائچ کے تحت وکلاء کا ایک پینل بھی بنایا گیا ہے۔اس کی کوششوں سے الحمد للّٰہ تقریباً پچاس لوگوں کی رہائی ہوچکی ہے اور یہ سلسلہ آگے بھی جاری رہے گا۔ ان شاءاللہ
جمعیۃ علماء کی ریلیف کے لیے جانے والے وفد میں مولانا محمد سعید قاسمی ذمہ دار تحصیل مہسی و نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع بہرائچ، مولانا سعید الرحمٰن قاسمی سکریٹری ضلع، مولانا محمد کلیم ندوی جنرل سکریٹری شہر، حافظ محمد میکائیل نوری، مولانا سالم حیات اللہ نوری جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ شہر بہرائچ، مولانا محمد زید قاسمی، حافظ محمد ذاکر، مولانا عبد السلام نوری، وحید اللہ خان، عمران احمد، محمد شارف شیخو وغیرہ شامل تھے۔