صفائی،ستھرائی

صفائی،ستھرائی

اسلام کی بنیادی تعلیمات میں صفائی کو ایک اہم حیثیت دی گئی ہے۔ یہ محض جسمانی پاکیزگی تک محدود نہیں بلکہ روحانی پاکیزگی کو بھی اپنے اندر شامل کرتی ہے۔ اللّٰہ تعالیٰ قرآن میں فرماتے ہیں: "بے شک اللّٰہ توبہ کرنے والوں اور پاکیزگی اختیار کرنے والوں کو پسند کرتا ہے” (البقرہ: 222)۔ یہاں اللّٰہ کی پسندیدگی کو انسان کی صفائی ستھرائی سے جوڑا گیا ہے، جو ہمارے روزمرہ کے معمولات میں خاص اہتمام کی متقاضی ہے۔

رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا: "صفائی نصف ایمان ہے” (مسند احمد: 18476)۔ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ ایمان کی تکمیل کے لیے صفائی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔ یہ بات بھی ذہن میں رہنی چاہیے کہ صفائی صرف ظاہری نہیں، بلکہ باطنی طہارت کو بھی شامل کرتی ہے۔

ایک تازہ رپورٹ، جو 7 اکتوبر 2024 کو بی بی سی اردو نیوز کی ویب سائٹ پر شائع ہوئی، اس بات پر روشنی ڈالتی ہے کہ صفائی ستھرائی کے اصولوں کی عملی اہمیت کتنی زیادہ ہے۔ رپورٹ میں ایک امریکی کمپنی ”امیری سلیپ” (Amerisleep) کی 2013 کی تحقیق کا حوالہ دیا گیا، جس میں ایک ہفتے تک نہ دھوئے گئے تکیے کے غلاف کا جائزہ لیا گیا۔ اس غلاف میں فی مربع انچ تقریباً 30 لاکھ جراثیم پائے گئے، جو کہ ٹوائلٹ سیٹ (toilet seat) پر موجود جراثیموں کی تعداد سے 17 ہزار گنا زیادہ تھے۔

یہ حقیقت اس بات کی طرف توجہ دلاتی ہے کہ صفائی کا اہتمام بظاہر نظر آنے والی چیزوں کے ساتھ ساتھ ان چیزوں میں بھی کیا جانا چاہیے جو ہماری نظروں سے پوشیدہ رہتی ہیں۔ مثلاً تکیے، چادریں اور دیگر بستر کی چیزیں جو عام طور پر صاف نظر آتی ہیں، اندرونی طور پر جراثیم اور فنگس (fungus) سے بھری ہو سکتی ہیں۔

مانچسٹر یونیورسٹی (The University of Manchest) کے پروفیسر ڈیود ڈیننگ (David Dunning) اور ان کی ٹیم نے تحقیق میں انکشاف کیا کہ برسوں سے استعمال ہونے والے تکیوں میں ”ایسپگیلس فیومی گیٹس” (Aspergillus fumigatus) نامی فنگس (fungus) پایا جاتا ہے، جو کہ مٹی میں موجود ہوتا ہے اور انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق، تکیے میں فنگس (fungus) کے ذرات اربوں کی تعداد میں ہو سکتے ہیں، جو رات کو پسینے اور نمی کے ذریعے مزید پھیلتے ہیں۔

یہ تحقیق اس بات کو واضح کرتی ہے کہ صفائی کے اصولوں کو نہایت سنجیدگی سے اپنانا ضروری ہے۔ صفائی نہ صرف ظاہری جسم اور لباس کی ہوتی ہے بلکہ ان اشیاء کی بھی، جو بظاہر صاف نظر آتی ہیں لیکن حقیقت میں جراثیم اور فنگس (fungus) سے متاثر ہو سکتی ہیں۔

اللّٰہ تعالیٰ کے حکم اور رسول اللّٰہ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق صفائی کا خیال رکھنا نہ صرف دینی فریضہ ہے، بلکہ جدید سائنس (modern science) بھی ہمیں اس کی اہمیت کو بتاتی ہے۔ ہمیں چاہیے کہ صفائی کے اس شعور کو اپنے روزمرہ کے معمولات میں شامل کریں، تاکہ جسمانی اور روحانی صحت کو برقرار رکھا جا سکے۔

تحریر: عامر کلامؔ
مـدرســہ نـور الــہـدیٰ
مچھیلا کیلاباڑی، ارریہ، بہار

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے