ماہِ ربیع الاول کی آمد آمد ہے

میری زندگی کا مقصد

فکرونظرــ-7
ماہِ ربیع الاول کی آمد آمد ہے،موسمِ بہارکے اس مہینہ کو رحمۃ للعالمین کے پیغام کو پہونچانے کے لئے خاص کیجئے،آپ آئے تو رحمت کی برسات ہوئی،ظلمت وتاریکی کے بادل چھٹے،ظلم وستم کا خاتمہ ہوا،غریبوں،مجبوروں،بے سہارالوگوں کو ان کا حق ملا ، عورتیں جو بازاروں میں بیچی اور خریدی جاتی تھیں،نہ صرف یہ کہ ان کا استحصال ہوتاتھابلکہ سماج ومعاشرہ میں ان کی کوئی حیثیت نہیں تھی،آپ ﷺ نے انہیں عزت دی،ان کے مقام ومرتبہ کی طرف لوگوں کی توجہ دلائی،ان کے حقوق کی قدردانی کی اہمیت کو سمجھایا،اور ان کی کئی حیثیتوں کو دنیاکے سامنے اجاگر گیا،اگروہ ماں ہے،تو ان کے قدموں تلے جنت ہے،بیوی ہےتوشوہرکے لئے چین وسکون کا ذریعہ ہے،بیٹی اوربہن ہے تو ان کی تعلیم وتربیت اور نکاح کرانے پرجنت کی بشارت ہے، اب وہی سماج جو بیٹیوں کی پیدائش کو منحسوس سمجھتا تھا ، اپنے کئے پر شرمندہ ہوا،اور اسی سماج میں بیٹیاں قابل فخر،قابل عزت سمجھی جانے لگیں،اور وہی عورتیں جو پاؤں تلے روندی جاتی تھیں،وہ گھرکی ملکہ بن گئیں۔

آج کے دنوں میں جبکہ سوشل میڈیاکا استعمال اسلام کے خلاف پروپیگنڈہ کے طورپر کیاجانے لگاہے،آپ ﷺ کے پیغامِ امن ومحبت کو دوسری طرح پیش کرنے کی مسلسل مہم جاری ہے،ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ سال کے بارہ مہینوں میں،اور ماہِ ربیع میں خاص طورسے سوشل میڈیاکے پلیٹ فارم سے رحمۃ للعالمین کے پیغامِ رحمت کو دنیاکے سامنے پیش کریں،یہ اس وقت ضرورت بھی ہے،اوردین کی تبلیغ واشاعت کاایک اہم ذریعہ بھی ہے۔

رحمۃ للعالمین عنوان کے تحت:اسلام کی نگاہ میں انسانوں کے حقوق،پڑوسیوں کے حقوق،جانوروں کے حقوق،عورتوں کی حفاظت، پیارومحبت، امن، بھائی چارگی،اس طرح کے دیگر موضوعات پر پوری مضبوطی اورتیاری کے ساتھ اگر ہم دن کے آدھے گھنٹے بھی نکالیں،محلہ واربھی لوگوں کو بتائیں تو ان شاء اللہ اس کے ذریعہ نفرت کے سوداگروں کے مواقع میں ضرور کمی آئے گی۔

مطالعہ سیرت نبویﷺبھی ہماراعنوان ہوناچاہئیے،ہم میں اکثراحباب جو اپناقیمتی وقت موبائل کی فالتوچیزوں میں ضائع اوربربادکرتے ہیں،لیکن مطالعہ سیرت نبویﷺکے لئے ان کے پاس وقت نہیں ہے،جس کی وجہ سے اگرکسی موڑ پر ہم سے دیگربرادران سوال کربیٹھتے ہیں تو بہتراور مسکت جواب نہیں دے پاتے ہیں،اور یہیں سےغلط فہمیوں کا دوربھی شروع ہوجاتاہے۔

تو آئیے!موسمِ ربیع کے اس خوبصورت مہینے میں رحمۃ للعالمین کے لئے ہم سب اپنے آپ کو فارغ کرتے ہیں،ان شاء اللہ اس سلسلہ میں جلد ہی ‘ ‘ دس روزہ آن لائن پیغام رحمۃ للعالمین ‘ ‘ کے عنوان کے تحت لائیوکانفرنس کا آغازکرتے ہیں۔فجزاکم اللہ احسن الجزاء
خالدانورپورنوی،المظاہری

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے