مباحث فقہیہ جمعیۃ علماء ہند کے زیراہتمام انیسویں فقہی اجتماع کاانعقاد

ادارہ مباحث فقہیہ جمعیت علماء ہند کے زیر اہتمام انیسویں فقہی اجتماع کا انعقاد۔
جدید اور نت نئے پیش آمدہ مسائل پر غور و فکر کرکے امت کی راہ نمائی کرنے اور متفقہ طور پر ان جدید مسائل پر عمل داری کے لئے صوبہ راجستھان کے ضلع جیسلمیر کے پوکرن میں ادارہ مباحث فقہیہ جمعیت علماء ہند کا انیسواں اجتماع کی افتتاحی نشست زیر صدارت حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب صدر جمعیۃ علماء ہند منعقد ہوئی۔
اس اجلاس میں جو جدید مسائل زیر بحث ہیں وہ "(1)کرپٹو کرنسی اور اس کا شرعی حکم(2)ای پی ایف کی شرعی حیثیت پر غور و خوض(3)سونے کی خرید وفروخت کے بعض صورتوں کی تنقیح” ہے۔
ادارہ مباحث فقہیہ جمعیت علمائے ہند کی اس افتتاحی نشست میں حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب صدر جمعیۃ علماء ہند نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ اسلام اپنے ماننے والوں کو زندگی کے ہر شعبے میں اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا پابند بناتا ہے اور جو چیز حلال ہے اسے اختیار کرنے اور جو چیز حرام ہے اس سے دور رہنے کی تاکید کرتا ہے چنانچہ قرآن مجید میں جابجا اللّٰہ اور رسول اللّٰہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی اطاعت کا حکم دیا گیا ہے ۔ نیز نئے پیش آمدہ معاملات میں انفرادی رائے کے مقابلے میں اہل علم کی اجتماعی رائے زیادہ اہمیت کی حامل ہوتی ہے جس کی احادیث مبارکہ میں نبی اکرم صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے ارشادات موجود ہیں جس پر اکابرین امت ،علمائے سلف و صالحین اور فقہائے احناف کا عمل اس پر شاہد ہے۔
جمعیت علمائے ہند نے بھی امت کی اسی اجتماعیت کو قائم ودائم رکھا ہے اور ہمیشہ باہمی مشاورت اور علماء امت کے اتفاق و اتحاد سے ملت کی راہ نمائی کا فریضہ انجام دیا ہے اس کی ایک واضح مثال آزادئ وطن سے قبل فتویٰ ترک موالات ہے جس پر 500/علماء کرام نے دستخط کئے تھے۔
لہذا ان فقہی اجتماعات کا بنیادی مقصد بعض ایسے نئے مسائل پر غور فکر کرنا ہے جو موجودہ دور میں امت کو درپیش ہیں؛چناں چہ قرآن وسنت اور فقہ اسلامی کی روشنی میں ان کا شرعی حل تلاش کرنے کے لئے ہم یہاں جمع ہوئے ہیں،
اس افتتاحی نشست ک آغاز قاری نور الدین صاحب استاذ مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم پوکرن کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا نعت پاک قاری عبد الشکور صاحب استاذ مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم پوکرن نے پیش کی اور نظامت کے فرائض مفتی سید محمد عفان صاحب منصورپوری استاد حدیث مدرسہ جامعہ عربیہ جامع مسجد امروہہ نے انجام دئے۔
اور خطبۂ استقبالیہ مولانا فضل الدین صاحب استاد مدرسہ اسلامیہ دار العلوم پوکرن نے حضرت مولانا قاری محمد امین صاحب مہتمم مدرسہ اسلامیہ دارالعلوم پوکرن کی جانب سے پیش کیا۔
اس اجلاس میں مفتی سید محمد سلمان صاحب منصورپوری استاد حدیث دارالعلوم دیوبند،مفتی محمد راشد صاحب اعظمی مہتمم دارالعلوم دیوبند،مولانا مجیب اللّٰہ صاحب استاذ دارالعلوم دیوبند مولانا عتیق احمد بستوی استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ مفتی شبیر احمد قاسمی استاذ حدیث مدرسہ قاسمیہ مدرسہ شاہی مرادآباد کے علاوہ ملک کے مختلف اہم اور مرکزی اداروں کے تقریباً 225/سے زائد مفتیانِ کرام نے شرکت فرمائی_

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے