چلمل (بیگوسرائے)، 8 جمادی الاولی 1446ھ مطابق 11 نومبر 2024ء: اساتذہ کرام، علماء و ائمہ کے لیے تدریس کے مؤثر اور آسان طریقوں کو سیکھنے کے ایک عظیم موقع کا اہتمام مدرسہ حسینیہ چلمل ضلع بیگوسرائے میں کیا جا رہا ہے۔ یہ تربیتی و اصلاحی پروگرام بروز سوموار بعد نماز فجر سے عصر تک کئی نشستوں میں جاری رہے گا، جس میں تعلیمی اداروں سے وابستہ اساتذہ کو جدید تدریسی اصولوں اور تربیتی طریقوں سے روشناس کرایا جائے گا۔
اس تقریب کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں صوبہ جھاڑکھنڈ کےمعروف عالم دین حضرت مولانا محمد منت اللہ صاحب دامت برکاتہم، خادم خاص حضرت مولانا اسعداللہ صاحب نور اللہ مرقدہ سابق ناظم مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور، بطورِ مہمان خصوصی شرکت فرما رہے ہیں۔ حضرت مولانا محمد منت اللہ صاحب کا تدریس کے میدان میں طویل تجربہ اور تربیتی میدان میں عمیق نظر ہے، جس سے مدارس اسلامیہ کے اساتذہ مستفیض ہو رہے ہیں۔ پروگرام میں وہ اپنے قیمتی تجربات اور تدریسی طریقوں کو حاضرین کے سامنے پیش کریں گے، جو کہ علاقے کے علماء اور اساتذہ کے لیے ایک رہنما اصول ثابت ہوں گے۔
مدرسہ حسینیہ کے مہتمم جناب مولانا قاری محمد عیسی صاحب مظاہری نے علاقے کے تمام قریبی گاؤں جیسے رمضان پور، خاتوپور، سید پور، بیگوسرائے، لڑوارہ، پھلکاری، بگوارہ ، حسن پور، کاریچک، رجوڑہ، چلمل، ہردیا، کوریا، ہیبت پور، تریا، اجھور، نیما اور اطراف کے اساتذہ کرام کو شرکت کی خصوصی دعوت دی ہے۔ اس تقریب میں شرکت سے علماء اور اساتذہ کرام کو تعلیمی میدان میں نئی جہات اور تربیت کے مفید اسلوب سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔
پروگرام میں شامل ہونے والوں کے لیے مدرسہ کی جانب سے ناشتہ اور ظہرانہ کا خصوصی انتظام بھی کیا گیا ہے۔ اس تربیتی نشست سے توقع ہے کہ یہ علاقے میں تعلیمی نظام میں ایک مثبت تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، اور اساتذہ اپنی تدریسی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کر سکیں گے۔
اطلاع: مفتی محمد مدثر صاحب صدر مدرس مدرسہ حسینیہ چلمل بیگوسرائے،بہار