ملک و ملت کے لیے تربیت یافتہ خدام پیدا کرنا جمعیۃ یوتھ کلب کا قابل ستائش اور قابل تقلید قدم : مولانا عبدالصبور سلفی

ملک و ملت کے لیے تربیت یافتہ خدام پیدا کرنا جمعیۃ یوتھ کلب کا قابل ستائش اور قابل تقلید قدم : مولانا عبدالصبور سلفی

صالح معاشرہ کا قیام جمعیۃ یوتھ کلب کا اہم مقصد : مولانا محمد قاسم صاحب قاسمی

جمعیۃ یوتھ کلب بنارس کے زیر اہتمام جاری 3 کیمپوں کا اختتام

وطن سے محبت اور اس محبت کے تقاضوں کو پورا کرنا ہمارے مذہب کا لازمی جز ہے۔ آج ملک و ملت کو ایسے منظم اور تربیت یافتہ خدام کی ضرورت ہے جو حالات کے تقاضوں کے اعتبار سے جدید طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے ملک و ملت کی خدمات انجام دے سکیں۔ لائق ستائش اور قابل تقلید ہے جمعیۃ علماء ہند کی یہ کوشش جو جمعیۃ یوتھ کلب کے پلیٹ فارم سے انجام دی جا رہی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر اسکول اور مدارس والے اس نظام کو اپنائیں جس سے یقیناً انشاء اللہ بچوں کی ذاتی ترقی بھی ہوگی اور وہ اپنے ادارے اور علاقہ کا نام بھی روشن کریں گے۔
مذکورہ خیالات کا اظہار فضیلۃ الشیخ عبدالصبور سلفی نائب شیخ الجامعہ جامعہ سلفیہ بنارس نے المنار بوائز سکول میں پرویش کیمپ کی اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر کیا۔ اس موقع پر مولانا احمد شکیل صاحب قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء بنارس نے دور حاضر میں مختلف شعبہ میں جمعیۃ علماء ہند کی خدمات اور اسی ضمن میں جمعیۃ یوتھ کلب کا تعارف کرایا۔ حافظ عبید اللہ صاحب جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مشرقی اترپردیش نے جمعیۃ یوتھ کلب کا حصہ بننے پر المنار بوائز اسکول کا استقبال کیا اور اُن کا شکریہ ادا کیا۔ جناب محمد رضوان صاحب نے جمعیۃ یوتھ کلب بنارس کی اب تک کی کارکردگی پر مختصر روشنی ڈالی۔ جناب محمد شاہد صاحب اور اسکول کے منیجر فیصل اقبال صاحب نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار فرمایا۔
اسی کے ساتھ ساتھ گلستان پبلک اسکول قاضی پورا بنارس میں اسکاؤٹ پرویش اور پرتھم سوپان کے دو کیمپ چل رہے تھے جس کا آج اختتام ہوا۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مولانا محمد قاسم صاحب قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء بنارس نے شرکت فرمائی جبکہ مہمان اعزازی کے طور پر بنکر برادرانہ تنظیم بائیسی کے صدر عالیجناب حافظ معین الدین صاحب نے شرکت فرمائی۔ اپنی گفتگو میں مولانا محمد قاسم صاحب قاسمی نے فرمایا کہ اللہ نے انسان اور جنات کو اپنی عبادت کے لئے پیدا فرمایا ہے، اور اللہ کے مخلوق کی خدمت اعلیٰ ترین عبادت ہے۔ ہم میں سے بہت سارے لوگ ایسے ہیں جن کے دلوں میں مخلوق خدا کی خدمت کا جذبہ موجود ہوتا ہے لیکن وہ طریقہ خدمت سے ناواقف ہوتے ہیں۔ خوش قسمت ہیں وہ نوجوان جنہیں جمعیۃ یوتھ کلب کے پلیٹ فارم سے جذبہ خدمت کے ساتھ ساتھ طریقہ خدمت سکھلایا جاتا ہے۔ اس موقع پر سردار حافظ معین الدین صاحب اور حافظ عبید اللہ صاحب نے تشریف لائے ہوئے مہمان ٹرینروں کا شکریہ ادا کیا اور اُن کا اعزاز فرمایا۔ جمعیۃ یوتھ کلب بنارس کے سیکریٹری محمد رضوان صاحب نے بتایا کہ ان 3 کیمپوں میں مجموعی طور پر 156 بچوں نے تربیت حاصل کی۔ ان کیمپوں کے انعقاد میں سب سے اہم کردار جمعیۃ یوتھ کلب بنارس کے اسکاؤٹ کونسلر جناب محمد شاہد صاحب نے ادا کیا جن کی محنت کے نتیجہ میں یہ کیمپ وجود میں آیا۔ وہیں دوسری طرف ٹرینرس کے طور پر مرکز سے مولانا نور البشر صاحب، مولانا فرقان صاحب، مولانا ناصرالدین صاحب، صالحین صاحب اور مقامی ٹرینر محمود الاسلام صاحب اور عبد الکریم صاحب کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے