مشعل راہ ۔ 15
کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ ایک نام کس طرح زندگی کے راستوں کی سمت متعین کر سکتا ہے؟ جیسے ہی کوئی نام گونجتا ہے، اس کے پیچھے ایک کہانی ہوتی ہے۔ انسانی زندگی میں نام کا مقام بڑا اہم ہے۔ نام نہ صرف کسی کی شناخت کا ذریعہ ہے، بلکہ یہ اس کی شخصیت، کردار، اور سماجی حیثیت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ اسلامی تعلیمات میں نام کی اہمیت پر خاص زور دیا گیا ہے۔ حضرت محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا: "سب ناموں میں سے عبداللّٰہ اور عبدالرحمن اللّٰہ عزوجل کو بہت ہی پیارے ہیں۔” (سنن ابی داؤد: رقم 4949)۔ یہ حدیث اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ نام کی حیثیت کتنی عظیم ہے۔
نام کا اثر انسانی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر پڑتا ہے۔ یہ ہماری خود اعتمادی، سماجی تعلقات، اور نفسیاتی حالت پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ میرے مشاہدات میں، کچھ افراد ہیں جن کے نام ان کی زندگیوں پر منفی اثر ڈالتے ہیں، جیسے "منافق”، "رجیم”، اور "حامیہ”۔ یہ نام اپنی اندرونی معنوں کی وجہ سے نہ صرف سماجی سطح پر بلکہ نفسیاتی طور پر بھی فرد کی شناخت میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ "منافق” کا مطلب دھوکہ اور بے وفائی ہے، جو کسی بھی انسان کے لیے ایک غیر پسندیدہ شناخت ہو سکتی ہے۔ اسی طرح، "رجیم” کا مفہوم لعنت یافتہ سے جڑا ہوا ہے، جبکہ "حامیہ” کا مطلب دہکتی ہوئی آگ ہے، جو ایک منفی تاثر پیدا کرتا ہے۔
دوسری جانب، اچھے نام بھی بعض اوقات مشکلات کا سبب بن سکتے ہیں۔ میرے اپنے تجربات میں، میرا نام "عامر انجم” رکھا گیا تھا، جو کبھی میرے لیے پریشانی کا باعث بنا۔ جب میں ہاسٹل گیا تو میرے نام کا مذاق بنایا گیا، یہ کہتے ہوئے کہ یہ لڑکیوں جیسا نام ہے۔ اس تنقید نے میرے اندر ایک احساس کمتری پیدا کیا، اور میری پڑھائی کو بھی بہت متاثر کیا۔ جس سے میں نے محسوس کیا کہ نام کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ اس کے معنی بھی اہم ہیں۔ اس تجربے کے بعد، میں نے اپنا نام "عامر کلام” رکھ لیا، جس نے مجھے نئی شناخت فراہم کی۔
سائنس بھی نام کی اہمیت کی تصدیق کرتی ہے۔ ایک تحقیق جسے یونیورسٹی آف ایریزونا (University of Arizona) کے ماہر نفسیات ڈیو ژو (David Zhou) نے پیش کیا ہے کہ افراد کے نام ان کی شخصیت اور زندگی کی راہوں پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بتایا گیا کہ اچھے نام رکھنے والے افراد کو ملازمت اور کیریئر کے مواقع میں زیادہ کامیابی ملتی ہے، جبکہ نام کے انتخاب میں منفی تاثرات رکھنے والے افراد عموماً سوشل تعصبات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ (BBC news اردو – 25 جولائی 2021)
ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچے کا بہترین نام رکھیں۔ ایک خوبصورت اور معنی خیز نام نہ صرف بچے کی شخصیت کو خوبصورت بناتا ہے، بلکہ اس کی زندگی میں کامیابی کی راہ بھی ہموار کرتا ہے۔ والدین کو چاہیے کہ نام کے انتخاب میں محتاط رہیں اور اگر ضرورت ہو تو کسی عالم یا مشیر سے مشورہ لیں تاکہ ان کا بچہ ایک بہتر نام سے نوازا جا سکے _____ کیا آپ نے اپنے بچوں کے نام کے انتخاب میں ان کی شخصیت اور مستقبل کی راہوں کا خیال رکھا ہے؟ کیا وہ نام ان کی کامیابی کا ذریعہ بن سکتے ہیں؟
تحریر: عامر کلامؔ
(استاذ: مدرسہ نور الہدیٰ مچھیلا کیلاباڑی، ارریہ، بہار)
02 نومبر 2024