نئی دہلی: 7؍نومبر 2024
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر محترم جناب ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینی صاحب سجادہ نشیں روضہ منورہ بزرگ گلبرگہ، کرناٹک کا سانحہ ارتحال ملت اسلامیہ کے لئے ایک عظیم نقصان ہے، ان کے انتقال سے ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے، ان کے انتقال پر صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب اور جنرل سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینی صاحب کی شخصیت اور خدمات محتاج تعارف نہیں ہے، ذاتی طور پر ہم لوگوں سے ان کے اچھے تعلقات تھے، اس وقت ملک و ملت کو ان جیسی خوبیوں کے مالک شخص کی بڑی ضرورت تھی مگر وقت موعود آچکا تھا اور وہ اللہ کے حضور حاضر ہوگئے۔ بورڈ کے دونوں ذمہ داروں نے مزید فرمایا کہ ڈاکٹر خسرو حسینی صاحب ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ تھے، آپ نے تعلیمی میدان میں بڑی اہم خدمت انجام دی ہے، آپ نے گلبرگہ اور کرناٹک کی سطح پر اعلی تعلیم کو بہت فروغ دیا اور اس کے لئے آپ نے متعدد ادارے بھی قائم فرمائے یقیناً ان کی خدمات ان کے لئے ذخیرۂ آخرت بنیں گی۔ تعلیمی میدان میں کام کرنے کے ساتھ اتحاد بین المسلمین کے بڑے مضبوط سپاہی تھے اور یقیناً آپ نے اتحاد ملت کے لئے بھرپور خدمت انجام دی۔ ان کا دنیا سے رخصت ہوجانا اس ملت کے لئے ایک بڑا خلا ہے۔
آپ دونوں نے مزید فرمایا کہ ڈاکٹر سید شاہ خسرو حسینی صاحب آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر تھے، تعلیمی میدان میں ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ آپ نے نونہالان ملت کی تعلیم وتربیت کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کردی اور بڑی نیک نامی کے ساتھ اپنی زندگی گذاری، اتحاد ملت کے ہمیشہ داعی رہے اور اتحاد ملت کی خاطر سرگرم عمل رہے، طویل علالت کے بعد آج رات وہ اس دنیا کو الوداع کہہ گئے، اللہ ان کی مغفرت فرمائے، درجات بلند کرے اور اس ملت کو ان کا بدل عطا فرمائے۔ آمین
✍️ جاری کردہ
ڈاکٹر محمد وقارالدین لطیفی
آفس سکریٹری