مدارس اسلامیہ اسلام کے قلعے، ہدایت کے سر چشمے اور اشاعت دین کا بہت بڑا ذریعہ ہیں: مفتی خالد انور پورنوی
رابطہ مدارس اسلامیہ مشرقی چمپارن کے زیر اہتمام عظیم الشان اجلاس عام کا انعقاد، ضلعی کمیٹی تشکیل نو، قاری عبدالرؤف کو صدر اور مفتی محمد احمد قاسمی بنائے گئے مشرقی چمپارن کے جنرل سکریٹری
پریس ریلیز موتیہاری
دینی مدارس جہاں اسلام کے قلعے ، ہدایت کے سر چشمے، دین کی پنا ہ گا ہیں ، اور اشا عت دین کا بہت بڑا ذریعہ ہیں وہاں یہ دنیا کی سب سے بڑی حقیقی طور پر "این جی اوز "بھی ہیں۔ جو لاکھوں طلبہ و طالبات کو بلا معاوضہ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو رہائش و خوراک اور مفت طبی سہولت بھی فراہم کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ زکریا ڈھاکہ میں منعقد رابطہ مدارس اسلامیہ مشرقی چمپارن کے زیر اہتمام عظیم الشان اجلاس مجلس عمومی سے خطاب کرتے ہوئے رابطہ مدارس اسلامیہ بہار کے جنرل سکریٹری مفتی خالد انور پورنوی مظاہری کیا-انہوں نے کہاکہ ان دینی مدارس نے ہر دور میں تمام ترمصائب و مشکلات ، پابندیوں اور مخالفتوں کے باوجود کسی نہ کسی صورت اور شکل میں اپنا وجود اور مقام برقرار رکھتے ہوئے اسلام کے تحفظ اور اس کی بقاء میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ آج بھی مدارس کے تئیں جو حالات ہیں ہمیں سنجیدہ ہو کر غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے-
جبکہ اس موقع پر تقریب کے مہمان اعزازی، موتی ہاری شہر کے معروف و مشہور معالج اور رحمانیہ نرسنگ ہوم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تبریز عزیز نے مکاتب کے قیام، اہمیت وافادیت پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ دور حاضر میں مکاتب ومدارس کی سخت ضرورت ہے۔ یہی مکاتب و مدارس ہیں کہ جہاں کی خاک سے انسان بنائے جاتے ہیں۔ وہ طلبہ جنہیں صحیح معنوں میں بولنے تک نہ آتا تھا ، مکاتب نے انہیں بولنے کا شعور بخشا، چلنے پھرنے اور اُٹھنے بیٹھنے کے آداب سکھائے اور برائیوں کے خلاف آواز بلند کرنے اور اُن کا خاتمہ کرنے کے گر بتائے- انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مسلمانوں کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ اگلی نسلوں کو دین سے وابستہ رکھنے کے طریقۂ کار پر غور کریں اور ایسا راستہ اختیار کریں کہ ہمارے بچے عصری تعلیم میں بھی آگے ہوں اور ان کی دینی پہچان بھی پوری طرح قائم رہے ، اس کیلئے سب سے مفید اور آزمودہ طریقہ مکاتب کا نظام ہے- ڈھاکہ جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا نذر المبین ندوی نے کہا کہ دور حاضر میں ضرورت اس بات کی ہے کہ مدارس اسلامیہ دارالعلوم دیوبند سے مربوط ہو کر چلے، کیونکہ اتفاق اور اتحاد میں بڑی طاقت ہے، انہوں نے رابطہ مدارس اسلامیہ مشرقی جمپارن کی سابق کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ رابطہ مدارس اسلامیہ مشرقی چمپارن نے بہت سےکارہائے نمایاں انجام دیے ہیں- اس موقع پر درجنوں مدارس سے آئے مدارس کے ذمہ داران اور علماء نے سابق کارکردگی پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اپنے تاثرات کا اظہار بھی کیا- اس عظیم الشان میں جہاں کئی ایجنڈے شامل تھے وہیں مشرقی چمپارن کے اراکین و عہدے داران کی نئی کمیٹی کی بھی تشکیل دی گئی – جس میں سرپرست کے طور پر رحمانیہ نرسنگ ہوم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تبریز عزیز اور جامعہ دارالسلام لہن ڈھاکہ کے بانی و مہتمم مفتی ثناءاللہ مظاہری کا انتخاب عمل میں آیا- جبکہ اکثریت رائے کی بنیاد پرقاری عبدالرؤف کو مشرقی چمبارن رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ کا صدر منتخب کیا گیا- جبکہ نائب صدر کے طور پر مولانا امان اللہ مظاہری،مولانا بہاؤالدین مظاہری،مولانا جمال الدین اور مولانا کفیل احمد کا انتخاب کیا گیا- وہیں رابطہ مدارس اسلامیہ مشرقی چمپارن کے سیکریٹری کے طور پر جامعہ زکریا ڈھاکہ کے مہتمم مفتی محمد احمد قاسمی کا انتخاب کیا گیا- جبکہ نائبین کے طور پر مدرسہ اسلامیہ آزاد کے ناظم مولانا محمد جاوید مظاہری، قاری انعام الحق،مدرسہ احمدیہ حنفیہ دریاپور کے مولانا عبداللہ اور مولانا مجیب الرحمن کے اسماء شامل ہیں- تقریب میں تین سالہ مدت کار کی رپورٹ سکریٹری مفتی محمد احمد قاسمی نے پیش کی- باضابطہ آغاز جامعہ زکریا ڈھاکہ کے متعلم محمد سلمان سلمہ کی تلاوت کلام اللہ سے کیا گیا، جبکہ بارگاہ رسالت میں نعت و منقبت کے گلدستے قاری حسیب الرحمن فلاحی اور محمد فیضان سلمہ ہونے پیش کیے- اس موقع پر چار درجن سے زائد مدارس کے ذمہ داران اور اساتذہ نے شرکت کر کے عظیم الشان اجلاس مجلس عمومی کو کامیابی سے ہمکنار کرایا-اہم شرکاءمیں پٹنہ سے تشریف لائے تحفظ ختم نبوت کے ناظم اعلی مفتی عبدالاحد قاسمی،مولانا عطاءاللہ مظاہری، سمرہیا کے ماسٹر ریاض احمد صابر، جمیعت علماء مشرقی جمپارن کے صدر مولانا عبدالسلام قاسمی، مدرسہ اسلامیہ عربیہ بہلولپور کے ناظم مولانا احمد اللہ، مولانا قمر ریاضی، جھٹکاہی کے قاری مطیع الرحمن، مولانا مسعود الحسن،جامعہ امدادیہ اشرف البنات جین پور ڈھاکہ کے بانی و مہتمم قاری علاؤ الدین ایمانی، قاری ابو القیس عرفانی، مدرسہ مظہرالعلوم چندن بارہ کے مولانا رضوان ندوی, الخلیل ٹرسٹ پٹنہ ومدرسۃ الفلاح جھٹکاہی کے بانی و مہتمم مفتی حسیب اللہ حبیبی، مولانا عبدالحنان، قاری صدر عالم ندوی، مولانا مرغوب الرحمن مظاہری، مفتی عزیز الرحمٰن ،مولانا نیاز احمد، قاری سراج احمد،مولانا فدا حسین اور بچپکڑی جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا اطہر حسین سمیت سینکڑوں اسماء شامل ہیں-