مورخہ 08 نومبر 2024، بروز جمعہ، صبح 7 بجے، مدرسہ حسینیہ چلمل کے درسگاہ طالبات میں جمعیت علماء چلمل پنچایت کا اہم انتخابی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت قاری عیسیٰ صاحب نے کی اور سرپرستی کے فرائض مفتی داؤد صاحب نے انجام دیے۔ اس پرنور تقریب کا آغاز عزیزی عمران،بیلاگنج، متعلم مدرسہ حسینیہ کی تلاوتِ کلام پاک اور عزیزی محمد ارباز،ارریہ کی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا جس نے محفل کو روحانی جِلا بخشی۔
اجلاس میں تمہیدی گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالمجید اسحاق قاسمی نے حاضرین کو جمعیت علماء بہار کے زیراہتمام 24 نومبر 2024 کو منعقد ہونے والے اجلاسِ عام کی اہمیت سے آگاہ کیا اور زور دیا کہ تمام اراکین اس میں بھرپور تعداد میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔ انہوں نے اس اجلاس کی کامیابی کے لیے ضلع کی جانب سے جمعیت علماء بہار کے لیے فنڈ فراہم کرنے کی درخواست بھی کی، جسے اہل مجلس نے بھرپور تائید کے ساتھ منظور کیا۔
صدارتی خطاب میں قاری محمد عیسیٰ صاحب نے تصحیح قرآن کے اہم موضوع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کو صحیح مخارج اور تجوید کے ساتھ پڑھنا ہر مسلمان پر فرض ہے، اور اس مقصد کے لیے باقاعدگی سے نشستوں کا اہتمام کیا جانا چاہیے۔ قاری صاحب نے بتایا کہ تصحیح قرآن کے سلسلے میں ایک خصوصی نشست بروز سوموار جامع مسجد میں رکھی گئی ہے، جس میں جناب مولانا منت اللہ ہزاری باغ، جھارکھنڈ، خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ انہوں نے تمام حاضرین سے اپیل کی کہ وہ اس نشست میں شرکت کریں تاکہ قرآن کی درست قراءت کو سمجھ سکیں اور اس پر عمل کر سکیں۔
قاری عیسیٰ صاحب نے جمعیت علماء کی اغراض و مقاصد پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ وہ واحد جماعت ہے جو لوگوں کو جوڑنے اور مل جل کر رہنے کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ جمعیت علماء کے جھنڈے میں "ید اللہ علی الجماعہ” کا پیغام تحریر ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ اللہ کی برکت ہمیشہ جماعت اور اتحاد میں ہے۔ انہوں نے مزید زور دیا کہ ہمیں اکابرین کے پیغام پر عمل پیرا رہنا چاہیے اور ان کی رہنمائی میں اتحاد و اتفاق سے کام کرنا چاہیے۔
اجلاس میں نئے عہدیداروں کا انتخاب باہمی مشاورت سے کیا گیا، اور اگلی مدت کے لیے درج ذیل عہدے داران منتخب کیے گئے:
1. صدر: مولانا عبدالمجیداسحاق صاحب قاسمی
2. نائب صدر: مفتی مدثر صاحب
3. نائب صدر: قاری مشتاق صاحب
4. نائب صدر: قاری غلام ربانی صاحب
5. سکریٹری: حافظ تکمیل صاحب
6. نائب سکریٹری: صبغت اللہ صاحب
7. نائب سکریٹری: حافظ شمس الدین
8. نائب سکریٹری: اویس صاحب
9. خازن: مولانا فضل اکبر صاحب
10. سرپرست: قاری عیسیٰ صاحب
11. نگراں: مفتی داؤد صاحب
ضلع بیگوسراۓ کی جانب سے نامزد جناب حافظ محمد روح اللہ (سیکرٹری جمعیت علماء بیگوسراۓ)اجلاس میں بطور مشاہد موجود تھے اور انہوں نے انتخابی عمل کو شفافیت اور نظم کے ساتھ مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
صدر مجلس قاری محمد عیسیٰ صاحب کی دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق اور جمعیت علماء کی کامیابی و استحکام کی دعا کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان مقاصد کو بہتر طور پر پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔
حافظ محمد تکمیل سیکرٹری جمعیت علماء پنچایت چلمل
08/11/2024