انجینئر وامق ابن پروفیسر محمد اعلیٰ مختور مجیب کا نکاح علاقے کے لئے نمونہ ہے:محمد اطہر القاسمی

نکاح سے قبل اہلِ ثروت و دولت سے نکاح کو آسان و مسنون بنانے کی اپیل
________
گذشتہ کل شہر ارریہ کے مقبول ماہر تعلیم ،معروف دانشور اور دانش گاہ گرلس آئیڈیل اکیڈمی شہر ارریہ کے ڈائریکٹر جناب پروفیسر محمد اعلیٰ مختور مجیب صاحب ڈہٹی حال مقیم جہانگیر نگر ارریہ کے لخت جگر انجینئر محمد وامق مجیبی لکچرر کالج اجمل فاؤنڈیشن آسام کا نکاح جناب رضا اختر صاحب مرحوم گوگی پوٹھیہ حال مقیم اسلام نگر کی دختر نیک اختر کے ہمراہ منقعد ہوا ۔
دوچار گاڑیوں اور چند موٹرسائیکلوں کے ذریعے دولہا کے ساتھ خاندان ،سرپرستان اور رشتے دار و بہی خواہان کی ایک مختصر سی جماعت کی موجودگی میں منعقد ہونے والے اس نکاح کے قاضی بندہ محمد اطہر القاسمی نے خطبہ نکاح کے بعد حاضرین و شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے خطبہ نکاح کی تینوں آیتوں میں امت مسلمہ کو تقویٰ اور خشیت الٰہی کی تاکید فرمائی ہے اور نکاح جیسی خوشی کے وقت خوفِ خدا کی تلقین اس بات کی جانب اشارہ ہے کہ اس موقعے سے بھی شرعی حدود و قیود کی پابندی لازم ہے اور غیر شرعی رسومات و بدعات وخرافات سے اجتناب ہر مسلمان پر واجب و ضروری ہے۔
بندہ نے کہاکہ آج اس تقریبِ نکاح میں عمائدین شہر اور متعدد لاکھ پتی اور کروڑ پتی و ارب پتی حضرات موجود ہے ،آپ جملہ اہل ثروت و دولت اور اصحابِ اقتدار سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ آپ آگے آئیں ،نکاح کو آسان بنائیں ،فضولیات وخرافات سے اجتناب کریں ،سنت و شریعت کا پاس ولحاظ رکھیں اور جناب پروفیسر محمد اعلیٰ مختور مجیب سر نے اپنے فرزند ارجمند کا نکاح جس سادگی ،اختصار ،بغیر مانگ مطالبے ،بغیر ٹیپ ٹاپ ،تام جھام اور نقد مہر فاطمی کے ساتھ کرکے رسوم ورواج کے ماحول میں بہنے اور بکنے کے بجائے سنت و شریعت کی ایک خوبصورت مثال پیش کی ہے؛ یہ آپ سب کے ساتھ پوری برادری کے لئے ایک قابل تقلید مثال اور لائق تحسین نمونہ ہے ۔اس لئے آپ سب بھی عزم و ارادہ کریں کہ اپنے گھرانے اور بال بچوں کے نکاح کو فضولیات و لوازمات سے پاک کریں گے ۔تمام شرکاء نے ہاتھ اٹھاکر سنت و شریعت کی پاسداری کی یقین دہانی کرائی اور انعقادِ نکاح کے بعد سبھوں نے نوعروس جوڑے کو اپنی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
مبارکباد دینے والوں میں رضا نور احمد، پروفیسر حسیب، رضی احمد، محمد اقبال علیگ، عابد حسین، معصوم رضا، اویس یاسین، مکھیا امتیاز، نجم الزمان، چیرمین آفتاب عظیم، طارق عظیم، عمران عظیم، محمد عابد، ڈاکٹر فیضان، سرپنچ تحسین، جہانگیر، شعیب عالم وغیرہ بطورِ خاص قابل ذکر ہیں-

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے